عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی
کاروباری ہفتے کا پہلا روز، فی تولہ سونا 2100 روپے سستا ہو گیا، نئی قیمت سامنے آ گئی
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں مسلسل 2 دن کے اضافے کے بعد بالآخر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں پیر کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 21 ڈالر کی کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4174 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے فراہم کردہ اعداد و شمار اور مارکیٹ رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی کے اس رجحان کے زیر اثر مقامی صرافہ بازاروں میں بھی کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کے دام گھٹ گئے۔ رپورٹ کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 2100 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 39 ہزار 936 روپے کا ہو گیا ہے، جبکہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 1800 روپے گر کر 3 لاکھ 77 ہزار 174 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔
اسی طرح قیمتی دھاتوں کے مقامی نرخوں میں چاندی بھی سستی ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط فی تولہ چاندی کا بھاؤ 23 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 532 روپے ہو گیا ہے، جبکہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 19 روپے کی کمی سے 5 ہزار 600 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔ صرافہ مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باعث مقامی سطح پر بھی قیمتوں میں ردوبدل کا سلسلہ جاری ہے۔