محسن نقوی نے10نئی بکتر بند گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کر دیں
وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے , وفاقی وزیر داخلہ
فائل فوٹو
اسلام آباد:وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے 10 نئی بکتر بند گاڑیاں کر دیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس کے لیے حال ہی میں خریدی گئی،ان گاڑیوں کی منتقلی کا مقصد صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کو مزید مؤثر بنانا اور پولیس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مضبوط کرنا ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ اقدام خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
بکتر بند گاڑیاں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران پولیس اہلکاروں کو تحفظ فراہم کرنے اور خطرناک علاقوں میں محفوظ نقل و حرکت میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں، ان گاڑیوں کی فراہمی سے خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں مزید سہولت ملنے کی توقع ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔