کراچی ناگن چورنگی پر مبینہ ڈکیتی،شہریوں نے دو ملزمان پکڑ لیے،تشدد کے بعد پولیس کے حوالے

گرفتار ملزمان سے شہری کا چھینا گیا پرس،موبائل فون اور اسلحہ برآمد،سابقہ ریکارڈ کی جانچ شروع

October 21, 2026 · قومی

کراچی: ناگن چورنگی پر شہریوں نے دو مبینہ ڈاکوؤں کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے چھینا گیا پرس، موبائل فون اور اسلحہ برآمد۔ (فوٹو: فائل)

کراچی: نیو کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر صدیق اکبر مسجد کے قریب دو مبینہ ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، مشتعل شہریوں نے دونوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا، جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی تھانے کی حدود میں ناگن چورنگی صدیق اکبر مسجد کے قریب دو مبینہ ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے۔ مشتعل شہریوں نے مبینہ ملزمان کو لاتوں اور گھونسوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم ایک ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

ایس ایچ او نیو کراچی فرخ شہریار کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت غلام مصطفیٰ ولد غلام حسین اور نثار ولد اسحاق کے ناموں سے ہوئی ہے۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے شہری سے چھینا گیا پرس، موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ ایس ایچ او کے مطابق گرفتار ملزمان کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔