فاسٹ بولرمحمد عامر پی سی بی کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچ گئے
پاکستان کرکٹ میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا سہرا پی سی بی چیئرمین کو جاتا ہے۔
فاسٹ بولرمحمد عامر پی سی بی کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچ گئے
لاہور: سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید تربیتی سہولیات اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے جاری منصوبوں کو سراہا۔
دورے کے دوران محمد عامر نے اکیڈمی میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور نوجوان کرکٹرز کی تربیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا سہرا پی سی بی چیئرمین کو جاتا ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید سہولیات اور ترقیاتی منصوبے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اگر ان اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا گیا تو پاکستان کرکٹ مزید ترقی کر سکتی ہے۔
محمد عامر نے نوجوان کھلاڑیوں کی خوراک، تربیت اور انجری کے بعد بحالی کے عمل کی باقاعدہ نگرانی کو بھی اہم قرار دیا۔ ان کے مطابق نوجوان کرکٹرز پر سرمایہ کاری پاکستان کے کرکٹ مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نوجوان کھلاڑی خوش قسمت ہیں کہ انہیں تربیت کے لیے جدید سہولیات اور سازگار ماحول میسر ہے۔ نئی بولنگ مشین بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے میں مدد دے گی، جبکہ بحالی کے جدید مراکز انجری کا شکار کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔
محمد عامر نے ملتان میں انڈر 19 کرکٹرز کے لیے تربیتی پروگرام اور سیالکوٹ میں انڈر 15 جبکہ فیصل آباد میں انڈر 17 کھلاڑیوں کی تربیت کے اقدامات کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی سابق کرکٹرز کے تجربات اور تجاویز سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق سابق کھلاڑیوں کی آرا پر مشاورت کے بعد سفارشات بورڈ کو پیش کی جائیں گی تاکہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جا سکے۔