راولاکوٹ میں فائرنگ،سرکاری ہسپتال کو نقصان،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گاڑی سمیت اغوا

واقعات میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا

October 29, 2026 · امت خاص
راولاکوٹ میں فائرنگ،سرکاری ہسپتال کو نقصان،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گاڑی سمیت اغوا

راولاکوٹ میں فائرنگ،سرکاری ہسپتال کو نقصان،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گاڑی سمیت اغوا

آزاد جموں و کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران سرکاری ہسپتال کے شعبوں کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی۔ واقعے کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کو گاڑی سمیت اغوا کر لیا گیا۔

ضلعی پولیس راولاکوٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بدھ کے روز دوپہر 12 بجے سے شام 5 بجے تک پیش آنے والے واقعات میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں دونوں زیر علاج ہیں۔

پولیس کے مطابق ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح عناصر نے راولاکوٹ شہر میں شہری آبادی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ کے دوران سرکاری ہسپتال کے مختلف شعبوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا جبکہ ایک ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

پریس ریلیز کے مطابق راولاکوٹ سے پلندری جانے والی شاہراہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کو ان کی گاڑی سمیت اغوا کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی جج کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ضلعی پولیس راولاکوٹ کے مطابق ایکشن کمیٹی سے وابستہ عناصر کے مبینہ غیر قانونی اور پُرتشدد اقدامات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کے خلاف بھی مزید اقدامات کیے جائیں گے۔