امریکا ایران پر دوبارہ فضائی حملوں کی تیاری کر رہا ہے، امریکی اخبار کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے بھی گفتگو کی ہے،رپورٹ

November 1, 2026 · بام دنیا
امریکا ایران پر دوبارہ فضائی حملوں کی تیاری کر رہا ہے، امریکی اخبار کا دعویٰ

امریکا ایران پر دوبارہ فضائی حملوں کی تیاری کر رہا ہے، امریکی اخبار کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف دوبارہ بمباری شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور ممکنہ فوجی کارروائی امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد کی جا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے بھی گفتگو کی ہے، جس کے بعد ایران سے متعلق امریکی حکمت عملی پر توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت مرحلے میں ہیں، تاہم تہران پر زیادہ بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔

فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ پر ہالووین پارٹی کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنے کے بعد اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ جاتا ہے، اب دیکھنا ہوگا کہ آیا کوئی معاہدہ طے پاتا ہے یا نہیں، امریکا کو اس معاملے میں کوئی جلدی نہیں۔

امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام، پیداواری صلاحیت اور جوہری پروگرام تباہ ہو چکے ہیں۔

امریکی اخبار کی رپورٹ اور صدر ٹرمپ کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایک طرف مذاکرات کے امکانات برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ دوسری جانب ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کا آپشن بھی زیر غور ہے۔