نیویارک میں انتخابات کے دوران تکنیکی خرابی ،7 لاکھ ووٹرز مشکلات کا شکار

متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ مشینیں ناکارہ ہوگئیں، امریکی میڈیا

November 3, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

امریکی میڈیا کے مطابق پیپر بیلٹس مشینوں میں اسکین نہ ہونے کے باعث ووٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر تکنیکی خرابی سامنے آئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق کاؤنٹی کے تقریباً 7 لاکھ ووٹرز اس صورتحال سے متاثر ہوئے ہیں، حکام نے ووٹرز کو بیلٹ پیپرز ہاتھ سے پُر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

انتخابی حکام کے مطابق ہاتھ سے پُر کیے گئے بیلٹ پیپرز کو محفوظ رکھنے کے لیے اورنج ایمرجنسی بیگز میں جمع کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ متبادل ووٹنگ مشینیں استعمال کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ انتخابی عمل کو معمول پر لایا جا سکے۔

نیویارک کے انتخابی حکام نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشنز پر قطار میں رہیں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔

حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تکنیکی خرابی کے باوجود ووٹرز کا ہر ووٹ محفوظ رکھا جائے گا اور تمام ووٹوں کی گنتی یقینی بنائی جائے گی۔

کولوراڈو میں سیلابی صورتحال، انتخابی سرگرمیاں متاثر

امریکی میڈیا کے مطابق شدید بارشوں کے بعد دریائے انیماس میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، خراب موسم کے باعث تین علاقوں میں پولنگ اسٹیشنز تبدیل کر دیے گئے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اوکلاہوما، ٹیکساس اور آرکنساس میں شدید طوفانوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ مختلف ریاستوں میں بگولوں کے خطرے کے پیش نظر ٹورنیڈو واچ جاری کر دی گئی ہے۔