امریکی شہر نیو اورلینز میں کارگو جہاز کروز شپ سے ٹکرا گیا، 32 افراد زخمی
خوفناک سمندری حادثہ، جہاز ایک جانب جھک گیا، تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
امریکی شہر نیو اورلینز میں کارگو جہاز کروز شپ سے ٹکرا گیا، 32 افراد زخمی
امریکی شہر نیو اورلینز میں ایک کارگو جہاز اور مسافروں سے بھرے کروز شپ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 32 افراد زخمی ہوگئے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد کروز شپ ایک جانب جھک گیا، تاہم اس میں سوار تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت کروز شپ پر 120 سے زائد افراد سوار تھے۔ تصادم کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت جہاز سے باہر منتقل کر دیا۔ حادثے کے بعد دریائے مسیسیپی میں تصادم کے مقام کے قریب جہازوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ 32 زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔ امریکی صدر نے امدادی کارروائیوں میں مصروف کوسٹ گارڈ اور دیگر ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ حکام کی جانب سے تاحال حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔