نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا کال سینٹرز کی نوکریوں اور مالی فراڈ کے خلاف اہم اقدامات کا فیصلہ
اہم انتباہ، قانونی حیثیت کی تصدیق ضروری ہے، جعلی پیرنی سے 25 لاکھ روپے ریکور کروالیے گئے
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا کال سینٹرز کی نوکریوں اور مالی فراڈ کے خلاف اہم اقدامات کا فیصلہ
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کال سینٹرز میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں نوکری قبول کرنے سے قبل کمپنیوں کی قانونی حیثیت جانچنے کا مشورہ دیا ہے۔ ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ متعلقہ کمپنی ایس ای سی پی، ایف بی آر، پی ایس ای بی اور پی ٹی اے سے رجسٹرڈ ہو اور پییکا، ڈیٹا پرائیویسی سمیت تمام لیبر قوانین کی پاسداری کرتی ہو۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ محض رجسٹریشن اس بات کی ضمانت نہیں ہے کہ ادارہ قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے، اس لیے دفتر کے وجود اور کلائنٹس کی بھی مکمل تصدیق کی جائے۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے کراچی زون نے فیس بک پر قرآنی وظائف کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے۔ دستاویز کے مطابق سیدہ ارجمند نامی خاتون کو فیس بک پر جعلی پیرنی نے وظائف اور موکل فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر 25 لاکھ روپے سے زائد کی رقم سے محروم کردیا تھا۔ متاثرہ خاتون نے نومبر 2025 میں یہ رقم مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی تھی۔ فراڈ کا انکشاف ہونے پر جب خاتون نے ادارے سے رجوع کیا تو تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ رقم آفاق نامی شخص کے اکاؤنٹ میں گئی تھی۔ این سی سی آئی اے کراچی زون کے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اکاؤنٹ ہولڈر تک رسائی حاصل کی اور متاثرہ خاتون کی پوری رقم ریکور کروا دی۔
علاوہ ازیں، ایک اور واقعے میں این سی سی آئی اے کے سب انسپکٹر کی جانب سے نوٹس کی آڑ میں خاتون کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے جس پر عدالت میں سماعت ہوئی۔ این سی سی آئی اے نے اس معاملے پر جواب جمع کراتے ہوئے محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ سائبر کرائم سے متعلق کسی بھی شکایت یا ہنگامی مدد کے لیے شہری این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن 1799 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔