یہ سازشی نظریہ بالکل غلط ہےکہ عمران خان سے ملاقات 28 ویں ترمیم کیلئے کروائی گئی: رانا ثنا

سیاسی امور پر گفتگو، سازشی تھیوری بے بنیاد ہے، بانی پی ٹی آئی سے متعلق اپیل کا فیصلہ آنے پر ابہام ختم ہو جائے گا۔

November 14, 2026 · اہم خبریں
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ یہ سازشی تھیوری بالکل غلط ہے کہ 28 ویں ترمیم کیلئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی گئی ہے۔ رانا ثنا اللّٰہ نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اپیل کا فیصلہ جس دن آئے گا، اُس دن تمام سازشی نظریات اور ابہام کا خاتمہ ہوجائے گا۔

اس حوالے سے جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ وکلا نے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلوؤں پر بھی عمران خان سے مشاورت کی، اور ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔ یاد رہے کہ 11 نومبر کو لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات کرائی گئی تھی جو 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی تھی۔ ذرائع کا بتانا تھا کہ دونوں وکلا نے بانی پی ٹی آئی سے مقدمات اور متفرق پٹیشنز پر تفصیلی مشاورت کی۔ بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر کرائی گئی تھی۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی ملاقات 3 سے 4 گھنٹے جاری رہی، جس میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور زیر التوا مقدمات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

رانا ثنا اللّٰہ نے مزید کہا کہ حکومت اور اداروں کے درمیان دوری نہ کبھی ہوئی ہے اور نہ ہی کبھی ہوسکے گی، جبکہ ہمارے باہمی اعتماد کی بنیادی وجہ وزیر اعظم اور عسکری قیادت کی شخصیات ہیں۔