فیصل آباد کے اسکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم، قومی کھیل کی بحالی کا عزم
قومی کھیل کا فروغ، پی ایچ ایف کی تقریب، حکومت کا بھرپور تعاون کا اعلان۔
فیصل آباد کے اسکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم، قومی کھیل کی بحالی کا عزم
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی کھیل ہاکی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے فیصل آباد ریجن کے اسکولوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی، رکن پنجاب اسمبلی رانا شہریار خان، ہاکی فیملی کے افراد، معززین شہر، مختلف اسکولوں کے پرنسپالز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کے شاندار ماضی کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے یہ ناگزیر ہے کہ اسکولوں کی سطح سے ہی بچوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں۔ اسکولوں میں ہاکی اسٹکس اور دیگر سامان کی فراہمی کا بنیادی مقصد طلبہ میں کھیل کا شوق پیدا کرنا، گراس روٹ کی سطح سے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنا ہے۔ تقریب کے اختتام پر فیصل آباد ریجن کے اسکولوں کے نمائندوں میں ہاکی کا سامان تقسیم کیا گیا۔ مقامی تعلیمی و سماجی حلقوں نے اس اقدام کو فیصل آباد ریجن سمیت ملک بھر میں ہاکی کے روشن مستقبل اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ان کی وزارت کے ماتحت آتا ہے اور انہوں نے اپنی نوجوانی میں ہاکی کا عروج دیکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے طویل عرصے سے ہاکی کا کوئی بڑا ایونٹ نہیں دیکھا اور اب اس کھیل کے حوالے سے مایوس کن کارکردگی کی خبریں ہی سامنے آتی ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے ہاکی کی بحالی کی خصوصی ہدایات دی گئی ہیں، اس لیے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ ہاکی فیڈریشن کھیل کی بحالی کے لیے جامع پروگرام تشکیل دے گی جسے حکومت کی جانب سے مکمل سپورٹ حاصل ہوگی۔