نیکٹاکا اہم انٹیلی جینس شعبہ وزارت داخلہ کودے دیاگیا،برطانوی نشریاتی ادارے کا دعویٰ
نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی میجرجنرل فیصل نصیر کی سربراہی میں مصروف کارہے
فائل فوٹوز
برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی حکومت نے نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (نیفٹاک)، نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) سے واپس لے لیا ہے۔ محسن نقوی کے تحت کام کرنے والی وزارت داخلہ اب براہ راست اس سینٹر کے کام پر نظر رکھے گی۔نیفٹاک مختلف اداروں کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور خطرات کے تجزیے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے
نیکٹا ایکٹ 2013 کے سیکشن 4 کی پہلی ذیلی شق نیکٹا کو انٹیلی جنس اور معلومات حاصل کرنے، ان کا تجزیہ کرنے، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کرنے اور خطرات کے جائزے مرتب کرنے کا اختیار دیتی ہے۔
وفاقی حکومت نے ستمبر کے پہلے ہفتے میں میجر جنرل فیصل نصیر کو تین برس کے لیے نیکٹا کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کیا تھا اور یوں وہ وزارتِ داخلہ کے تحت 2008 میں قائم کیے جانے والے اس ادارے کے پہلے فوجی سربراہ بنے۔ اس ادارے کے اُس وقت کے سربراہ جواد ڈوگر کو نائب مقرر کرد دیا گیا تھا۔میجر جنرل فیصل نصیر اس سے قبل انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے انٹرنل ونگ، جسے ’ڈی جی سی‘ کہا جاتا ہے، کے سربراہ رہے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق ،حکومت نے نیکٹا سے نیفٹاک کو الگ کرتے ہوئے وزارتِ داخلہ کے ماتحت ایک علیحدہ منسلک ادارےکے طور پر کام کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں نیکٹا سے اس کے اہم ترین انٹیلی جنس رابطہ کاری اور خطرات کے جائزے سے متعلق اختیارات میں سے ایک واپس لے لیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے حکام نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ نیفٹاک کی علیحدگی کے بعد اب عملاً نیکٹا کا ادارہ محض ایک ریسرچ ونگ یا تھنک ٹینک سے زیادہ کچھ نہیں رہ گیا۔نیکٹا کے ایک اہم عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عملاً نیکٹا کے کام کا دائرہ محدود ہو گیا ہے اور جب تک ادارے کے لیے کوئی نیا روڈ میپ سامنے نہیں آتا، اس کے مستقبل کے کردار کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
نیکٹا کی ماضی میں سربراہی کرنے والے متعدد افراد نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ اس حوالے سے نہ تو ان سے کوئی مشاورت کی گئی اور نہ عوامی سطح پر یا پارلیمان میںبحث ہوئی کہ اس تبدیلی کی ضرورت کیوں محسوس کی گئی اور نیکٹا سے نیفٹاک کو الگ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا۔
سابق نیشنل کوآرڈی ینٹر نیکٹا خواجہ خالد فاروق نے کہا ہے کہ نیکٹا خود کوئی انٹیلی جنس ادارہ نہیں ہے جو فیلڈ سے معلومات اکٹھی کرتا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے کا بنیادی کام مختلف ایجنسیوں سے حاصل ہونے والی معلومات کا تجزیہ کرنا اور ان کی بنیاد پر سفارشات مرتب کرنا ہے۔ ان کے بقول اگر یہ ذمہ داری بھی نیکٹا سے واپس لے لی گئی ہے تو پھر حکام ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ مستقبل میں اس ادارے سے کس نوعیت کا کام لیا جائے گا۔
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئےبتایا کہ اس تنظیمِ نو کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان انٹیلی جنس رابطہ کاری، معلومات کے تبادلے اور ردِعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ نیفٹاک کا ادارہ پہلے سے ہی اپنے فرائض انجام دے رہا ہے، نیکٹا بھی وزارتِ داخلہ کے تحت کام کرتا ہے۔ ان کے مطابق نیفٹاک کے ماڈل کو تمام صوبوں تک توسیع دی جا چکی ہے اور اب یہ نظام ملک بھر میں مؤثر انداز میں فعال ہے۔
طلال چوہدری کے مطابق ،یہ وزارت کے اندر ہونے والی تنظیمی تبدیلیوں کا حصہ ہے، جو ایک معمول کا عمل ہے، اور اس کا مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا ہے۔