پاکستان کی طرح عمان میں بھی امریکی اڈے نہیں لیکن وہاں ایرانی حملہ ہوا۔ قطری وزیراعظم کا بیان وائرل

عوامی تقریب میں سوال وجواب کے سیشن کے دوران جواب

November 16, 2026 · امت خاص

تصویر: سوشل میڈیا

قطر کے وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان پر ایرانی حملہ نہ ہونے کاسبب امریکی فوجی اڈے کی غیر موجودگی نہیں۔

ایک تقریب میں سوال کیا گیاتھاکہ پاکستان پر حملہ نہیں ہوا، لیکن دوسرے ممالک پر ہوا۔ کیا اس سے یہ بات ثابت نہیں ہوتی کہ علاقے میں امریکی فوجی اڈے نہیں ہونے چاہئیں؟ کیونکہ پاکستان میں امریکی اڈہ نہیں تھا اور وہ محفوظ رہا

قطری وزیرِ اعظم ،شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک کے امریکہ کے ساتھ تعلقات بنیادی اور اسٹریٹجک نوعیت کے ہیں۔ یہ شراکت صرف سکیورٹی تک محدود نہیں بلکہ معیشت، توانائی اور کئی دیگر شعبوں میں باہمی فائدے مند ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ آپ کہتے ہیں پاکستان میں فوجی اڈے نہ ہونے کی وجہ سے اس پرایرانی حملہ نہیں ہوا۔ لیکن عمان پر حملہ ہو حالاں کہ پاکستان کی طرح عمان میں بھی امریکی فوجی اڈے نہیں۔

ایک عوامی تقریب یا سوال و جواب کے سیشن کے دوران سامنے آنے کے بعد یہ بیان سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہا ہے۔

اس بیان کو پاکستان کے مضبوط دفاع اور طاقت ور عسکری صلاحیتوں کے تناظر میں دیکھا جارہاہے۔ 2024 کے اوائل میں ایرانی فوج نے بلوچستان میں ایک آپریشن کیا تھا جس کے بارے میں کہا گیا کہ یہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی تھی۔ اگلے ہی روز پاک فوج نےبھی  ایرانی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے کہا تھاکہ  دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا۔