عراق اور اردن کا ٹیلیگرام پر پابندی لگانے کا اعلان
اس فیصلے کا مقصد ڈیجیٹل سکیورٹی کو مضبوط بنانا، سائبر جرائم، دھمکیوں، بلیک میلنگ اور غیر قانونی مواد کی تشہیر روکنا ہے۔
عراق اور اردن کا ٹیلیگرام پر پابندی لگانے کا اعلان
اردن کے محکمۂ پبلک سکیورٹی کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ڈیجیٹل سکیورٹی کو مضبوط بنانا، سائبر جرائم، دھمکیوں، بلیک میلنگ اور غیر قانونی مواد کی تشہیر روکنا ہے۔ حکام نے قومی سلامتی کو لاحق خطرات اور انتہا پسندی کے پھیلاؤ کو بھی پابندی کی اہم وجوہات قرار دیا ہے۔
دوسری جانب عراق کے کمیشن برائے مواصلات و میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم علی زیدی کے حکم پر ملک میں ٹیلیگرام کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
کمیشن کے مطابق ٹیلیگرام کے ذریعے انتہا پسندی کو فروغ دینے، تشدد پر اکسانے اور نفرت انگیز مواد پھیلانے کی روک تھام کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ ٹیلیگرام کو عراقی قوانین اور ضوابط کے مطابق اپنی سرگرمیاں ڈھالنے کے لیے 30 دن کی مہلت بھی دی گئی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عراقی وزیراعظم اور ایران کے حمایت یافتہ ایک طاقتور مسلح گروہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس گروہ سے وابستہ افراد ٹیلیگرام کا بڑے پیمانے پر استعمال کرتے ہیں، جبکہ عراق میں سرکاری ادارے، ذرائع ابلاغ اور مسلح گروہ بھی اس ایپلی کیشن کے ذریعے رابطے کرتے ہیں۔
دونوں ممالک کے فیصلوں پر ردعمل دیتے ہوئے ٹیلیگرام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ کمپنی نقصان دہ مواد ہٹانے کے لیے اقدامات کرے گی، تاہم تحقیقاتی صحافت، پُرامن اظہارِ رائے اور احتجاج کی اپیلوں پر پابندی یا سنسرشپ قبول نہیں کرے گی۔
کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ اس نے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے وسیع اقدامات کیے ہیں اور اپنے ایک ارب سے زائد صارفین کے تحفظ کے لیے قانونی ذمہ داریوں سے بڑھ کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عراق اس سے قبل مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے دوران بھی کچھ عرصے کے لیے ٹیلیگرام تک رسائی محدود کر چکا ہے، تاہم اس وقت باضابطہ پابندی کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔