حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا فیصلہ کن دور 19 نومبر کو ہوگا

رابطہ طے پا گیا، مسودہ حکومتی کیمپ میں موجود ہے، حتمی مشاورت جاری ہوگی

November 17, 2026 · قومی
حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا فیصلہ کن دور 19 نومبر کو ہوگا

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا فیصلہ کن دور 19 نومبر کو ہوگا

اسلام آباد میں حکومت اور جماعت اسلامی کے مابین جاری مذاکرات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا آخری اور فیصلہ کن دور 19 نومبر کو منعقد ہوگا۔ یہ ملاقات وزارت خارجہ کے وائٹ روم کانفرنس ہال میں طے پائی ہے۔

رپورٹس کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ اور نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان جاری مذاکرات کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ مذاکرات کے بعد حکومت اور جماعت اسلامی کے مابین ممکنہ معاہدے کا حتمی مسودہ اس وقت حکومتی کیمپ کے پاس موجود ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دلانے کی اس قومی جدوجہد کو سنجیدہ لیں گے اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے مثبت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر کے محنت کشوں، غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج اور مذاکرات دونوں آئینی اور جمہوری ذرائع سے اپنی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔