45 سالہ غیر شادی شدہ خواتین بھی بے نظیر کفالت پروگرام میں شامل

ملک بھر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں تقریباً 50 لاکھ خاندان پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں۔

November 17, 2026 · قومی
45 سالہ غیر شادی شدہ خواتین بھی بے نظیر کفالت پروگرام میں شامل

45 سالہ غیر شادی شدہ خواتین بھی بے نظیر کفالت پروگرام میں شامل

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بورڈ نے 45 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو بھی مالی امداد کے منصوبے میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اس فیصلے کے تحت اہل غیر شادی شدہ خواتین بھی پروگرام سے مالی معاونت حاصل کر سکیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں تقریباً 50 لاکھ خاندان پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں۔

روبینہ خالد کے مطابق یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک قومی فلاحی منصوبہ ہے، جس کے تحت سیاسی وابستگی سے قطع نظر مستحق خاندانوں کی مدد کی جا رہی ہے۔

چیئرپرسن نے نئے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے حوالے سے بتایا کہ مستحق خواتین کو رقوم کی آسان اور شفاف فراہمی کے لیے موبائل ڈیجیٹل بٹوے اور مشترکہ ادائیگی کا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ون لنک کے ذریعے چھ شراکت دار بینکوں کو اس نظام سے منسلک کیا گیا ہے، جس کے بعد خواتین کو امدادی رقم وصول کرنے کے لیے کسی مخصوص مرکز تک محدود نہیں رہنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مستحق خواتین کو مفت سمیں فراہم کی گئی ہیں اور ان کے نام پر ڈیجیٹل اکاؤنٹس بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہونے پر خواتین کو پیغام کے ذریعے اطلاع دی جائے گی، جس کے بعد وہ اپنی سہولت کے مطابق رقم نکلوا سکیں گی۔