غزہ میں اسرائیلی فوج کا نیا حربہ، ڈرون کے ذریعے دھماکہ خیز بکس گرائے جانے کا انکشاف
فوجی کارروائیوں کا سلسلہ جاری، رہائشی عمارتیں تباہ، شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا
غزہ میں اسرائیلی فوج کا نیا حربہ، ڈرون کے ذریعے دھماکہ خیز بکس گرائے جانے کا انکشاف
غزہ میں اسرائیلی فوج نے تباہی کا ایک اور نیا اور خطرناک حربہ استعمال کرتے ہوئے کواڈ کاپٹر ڈرونز کے ذریعے فلسطینی آبادیوں پر دھماکہ خیز مواد سے بھرے بکس گرانا شروع کر دیے ہیں۔ عینی شاہدین اور مقامی رہائشیوں کے مطابق ان باکسوں کو رہائشی مکانات پر یا ان کے قریب گرایا جاتا ہے اور بعد میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کر کے عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا جاتا ہے۔
دستاویزات اور مقامی ذرائع کے مطابق یہ لرزہ خیز کارروائیاں گزشتہ 1 ہفتے سے ان علاقوں میں دیکھی جا رہی ہیں جو اسرائیلی فوجی چوکیوں کے قریب واقع ہیں۔ اس نئی حکمت عملی نے علاقے کے مکینوں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے جس کے باعث درجنوں خاندان اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ شہر کے زیتون اور تفاح کے علاقوں کے علاوہ دیر البلح اور بوریج پناہ گزین کیمپ کے مشرقی حصوں میں بھی اس قسم کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ان بکسوں میں کئی کلو گرام دھماکہ خیز مواد موجود ہوتا ہے جو طاقتور دھماکوں کا باعث بنتا ہے۔
فائر بندی کے باوجود غزہ کے مختلف حصوں میں اسرائیلی فوج کی جارحیت اور انہی کارروائیوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 1650 فلسطینی شہید اور 5975 زخمی ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے مطابق غزہ کی مکمل تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 71 ارب ڈالر سے زائد کے فنڈز درکار ہوں گے۔