فیروزہ اسٹیشن پر مال گاڑی کو حادثہ، انجن اور متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

ٹریفک معطل، لاہور سے امدادی ٹیم روانہ، جانی نقصان نہیں ہوا

November 17, 2026 · قومی
فیروزہ اسٹیشن پر مال گاڑی کو حادثہ، انجن اور متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

فیروزہ اسٹیشن پر مال گاڑی کو حادثہ، انجن اور متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

ملکی ریلوے سسٹم پر علی الصبح ایک اور بڑا حادثہ پیش آیا ہے جہاں کراچی سے قلعہ ستارشاہ آنے والی کنٹینر ٹرین فیروزہ اسٹیشن کے قریب اوور شوٹ کر گئی۔ ریلوے حکام اور دستیاب دستاویزات کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور متعدد ویگنیں پٹری سے اتر گئیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات میں حادثے کی وجہ بریک فیل ہونا بتائی جا رہی ہے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں انجن سمیت 5 سے 7 بوگیاں پٹری سے اتریں جن میں سے متعدد الٹ بھی گئیں۔ حادثے کے فورا بعد اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی، جس سے مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور ریلوے کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں تاحال کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی اسی مقام پر ایک ٹرین حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعد ریلوے انتظامیہ کی کارکردگی اور حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی مکمل بحالی کے بعد تحقیقاتی کمیٹی حادثے کے اسباب کا تعین کرے گی۔