برطانوی اداکار رسل برینڈ نے خود کو بے گناہ قرار دے دیا
جیل سے تحریری پیغام جاری، اہلیہ نے ویڈیو میں پڑھ کر سنایا، عدالت نے 10 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنا رکھی ہے
برطانوی اداکار رسل برینڈ نے خود کو بے گناہ قرار دے دیا
معروف برطانوی اداکار اور کامیڈین رسل برینڈ نے جنسی زیادتی اور جنسی حملوں کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد جیل سے اپنا پہلا پیغام جاری کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رسل برینڈ کی اہلیہ لورا برانڈ نے اپنے شوہر کا تحریری پیغام ان کے یوٹیوب چینل پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں پڑھ کر سنایا۔
عدالتی دستاویزات اور میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں 4 ہفتوں تک جاری رہنے والے مقدمے کے دوران رسل برینڈ کو جنسی زیادتی کے 1 اور جنسی حملوں کے 3 الزامات میں مجرم قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد عدالت نے انہیں 10 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔
جیل سے جاری کردہ اپنے پیغام میں اداکار نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ان جرائم کے ہرگز مرتکب نہیں ہوئے جن کی وجہ سے انہیں قید کا سامنا ہے، اور ان کے ساتھ کچھ غیر معمولی ہو رہا ہے۔ انہوں نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا اور مذہبی عقائد، معافی اور ایک دوسرے کے لیے دعا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ رسل برینڈ نے جیل کے عملے کے رویے کی بھی تعریف کی اور مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی اہلیہ اور خاندان کی حمایت جاری رکھیں۔
دوسری جانب اس عدالتی فیصلے کے بعد مزید 6 خواتین نے بھی برطانوی اداکار پر مبینہ جنسی بدسلوکی کے نئے الزامات عائد کیے ہیں، جس سے ان کی قانونی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔