شینزن میں عالمی رہنماؤں کی ملاقات، پوتن، شی جن پنگ اور ٹرمپ کا اجتماع انسانیت کیلئے اہم پیغام

سفارتی پیش رفت، ٹرمپ کا کم جونگ اُن سے ملاقات کا اشارہ، مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی۔

November 17, 2026 · بام دنیا
شینزن میں عالمی رہنماؤں کی ملاقات، پوتن، شی جن پنگ اور ٹرمپ کا اجتماع انسانیت کیلئے اہم پیغام

شینزن میں عالمی رہنماؤں کی ملاقات، پوتن، شی جن پنگ اور ٹرمپ کا اجتماع انسانیت کیلئے اہم پیغام

ماسکو اور واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کریملن نے روس، چین اور امریکہ کے صدور کی آئندہ سہ فریقی ملاقات کو ایک سنگ میل کی حیثیت رکھنے والا اہم واقعہ قرار دیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے روسی ٹیلی ویژن چینل ویستی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن، چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان چین کے شہر شینزن میں ہونے والی ملاقات عالمی سطح پر انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی۔ تینوں ممالک کے صدور کی یہ ملاقات ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر طے ہے۔ دمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات کسی نہ کسی انداز میں پوری انسانیت کو ایک مضبوط پیغام دے سکتی ہے کہ موجودہ مسائل سے نکلنے کے راستے تلاش کرنے کے لیے مذاکرات کی اشد ضرورت ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے ایشیا روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اہم اور غیر متوقع اعلان کیا ہے کہ وہ چین کے دورے کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ چین میں صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے ساتھ کم جونگ اُن سے بھی ملاقات کا امکان موجود ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ کم جونگ اُن کی چین آمد کا فیصلہ بالآخر چینی صدر شی جن پنگ پر منحصر ہوگا۔ امریکی صدر آئندہ 18 اور 19 نومبر کو شینزن میں ہونے والی اے پی ای سی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کے درمیان اس سے قبل 3 براہِ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جن میں 2018ء میں سنگاپور، 2019ء میں ہنوئی اور پھر جنوبی کوریا کے سرحدی علاقے پانمنجوم میں ہونے والی ملاقاتیں شامل ہیں۔ اس دورۂ چین کے دوران شی جن پنگ اور پوتن سے ملاقاتوں میں یوکرین کے تنازع، جوہری پھیلاؤ کی روک تھام اور دیگر اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ اگرچہ شمالی کوریا کی جانب سے تحال ممکنہ ملاقات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا اور اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے مشن نے بھی فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اس ممکنہ ملاقات سے واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان جوہری مذاکرات بحال کرنے کی ایک نئی کوشش کا دروازہ کھل سکتا ہے۔