راولاکوٹ میں مسلح فسادی عناصر کی فائرنگ سے رینجرزافسر شہید
جوابی کارروائی میں چار حملہ آور ہلاک۔
راولاکوٹ میں مسلح فسادی عناصر کی فائرنگ سے رینجرزافسر شہید
راولاکوٹ میں مسلح فسادی عناصر کی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ سے رینجرزافسرشہید ہوگیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پونچھ ریجن کے مطابق ،متیالمیرا بس ٹرمینل کے قریب صبح 10 بج کر 30 منٹ پر فسادی جتھے کے مسلح عناصر نے تعینات قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر شدید اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے پاکستان رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت سرپر گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔زخمی افسرکو فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نا لا سکے اور شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جوابی کارروائی کرتےہوئےچار مسلح حملہ آورہلاک کردیئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔حکام کا کہناہے کہ راولاکوٹ میں معمولاتِ زندگی تباہ کرنے کی کوششیں کرنے والے، شہریوں کو خوف زدہ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔
امن و امان کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کے لیے فسادی ٹولے کے مسلح عناصر مسلسل تشدد اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ،متیالمیرا فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ریاست ان مسلح انتشاری گروہوں پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔
راولاکوٹ شہر اور گردونواح میں معمولاتِ زندگی بحال رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اہلکار متحرک ہیں۔