عطا تارڑ طعنے نہ دیں، ہمت کرکے کہیں پیپلزپارٹی کی ضرورت نہیں ، شرجیل میمن
تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھیں اور مسائل کا حل نکالیں ، ہم وفاقی حکومت کی کسی ناکامی کے ذمہ دار نہیں ، بیاب
فائل فوٹو
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ طعنے نہ دیں، عطا تارڑ ہمت کریں اور واضح کہیں کہ پیپلزپارٹی کی ضرورت نہیں ۔
شہرِ قائد سے جاری اپنے بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پریس کانفرنس میں کسی سیاسی جماعت یا ادارے پر تنقید نہیں کی بلکہ تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے اور متحد ہونے کا پیغام دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس کا مقصد کسی کو قصوروار ٹھہرانا نہیں تھا، وہ صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھیں اور مسائل کا حل نکالیں۔ ہم وفاقی حکومت کی کسی ناکامی کے ذمہ دار نہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی 26ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتی ہے، مخصوص نشستوں کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت فیصلہ دے گی کہ مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کی ہیں تو پیپلزپارٹی یہ نشستیں واپس کر دے گی۔