روس کے علاقے سائبیریا میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ،17 افراد ہلاک
حادثے سے قبل طیارے میں آگ لگ گئی تھی ، تیزی سے نیچے گرا ، زمین سے ٹکرا کر دھماکے سے پھٹ گیا
فائل فوٹو
ماسکو: روس کے علاقے کیمیروو میں ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ An-12 گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے۔
روسی میڈیا آؤٹ لیٹ ‘ازویسٹیا’کے مطابق یہ حادثہ یاگونوو نامی گاؤں کے قریب پیش آیا۔ ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گرنے والا طیارہ روسی فوجی An-12 ٹرانسپورٹ طیارہ تھا۔
کیمیروو کے مقامی گورنر الیا سیریدیوک نے ایک پیغام رسانی کے پلیٹ فارم (MAX) پر اپنے آفیشل چینل کے ذریعے یاگونوو کے قریب طیارہ حادثے کی تصدیق کی تھی تاہم ابتدائی طور پر انہوں نے طیارے کی نوعیت یا شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔
غیر مصدقہ اطلاعات اور عینی شاہدین کے مطابق حادثے سے قبل طیارے میں آگ لگ گئی تھی جس کے بعد وہ تیزی سے نیچے گرا اور زمین سے ٹکرا کر دھماکے سے پھٹ گیا۔
واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں اور متعلقہ حکام فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔