راولپنڈی میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے باپ اور بیٹی جاں بحق
افسوسناک حادثہ، نواسہ زخمی ہوگیا، پولیس نے تحقیقات شروع کردی،
راولپنڈی میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے باپ اور بیٹی جاں بحق
راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے کھڑکن میں ڈیرا گاؤں کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس حکام اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی زد میں آنے والے موٹر سائیکل سواروں کی شناخت 49 سالہ جہانزیب خان اور ان کی 28 سالہ بیٹی سحرش حسیب کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ان کا 6 سالہ نواسہ امین حسیب شدید زخمی ہوگیا۔
حکام نے بتایا کہ مبینہ غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے اس حادثے کے بعد ڈمپر کی ٹکر سے دونوں باپ بیٹی شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 راولپنڈی اور روات پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی ٹیموں نے زخمی بچے امین حسیب کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا، جبکہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں بھی اسپتال پہنچا دی گئیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
دوسری جانب بہاولنگر میں بھی ایک اور ٹریفک حادثے کے دوران تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 2 نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت رحمان اور سلمان علی کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی عمریں 17 سے 18 سال کے درمیان تھیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے سپرد کردیا گیا۔ پولیس نے دونوں حادثات کے سلسلے میں تفتیش شروع کردی ہے۔