بچوں کے استحصال کی روک تھام اور تحفظ کیلئے نیا قانون لایا جائے گا، مریم نواز

عالمی دن کا پیغام، موثر اقدامات ناگزیر ہیں، مجرموں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

November 18, 2026 · قومی
بچوں کے استحصال کی روک تھام اور تحفظ کیلئے نیا قانون لایا جائے گا، مریم نواز

بچوں کے استحصال کی روک تھام اور تحفظ کیلئے نیا قانون لایا جائے گا، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد کی روک تھام اور بحالی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ایک محفوظ اور مہذب معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔ بچوں کی حفاظت، عزت اور بہتر مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو جنسی استحصال، بدسلوکی اور ہر قسم کے تشدد سے محفوظ بنانا پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد نہ صرف جرم ہے بلکہ شرفِ انسانیت کے بھی منافی ہے۔ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر معاشرے کے مجرم ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیف سٹی کیمروں اور پنک بٹن کے ذریعے بچوں کی حفاظت یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی بھی قائم کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں 100000 سے زائد گمشدہ اور اغوا شدہ بچوں کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کے تحفظ، حقوق کی پاسداری اور محفوظ مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔