پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ،راولپنڈی کے نئے سی پی او کا چند گھنٹوں میں تبادلہ
محمد سہیل اشرف کو راولپنڈی کا نیا سی پی او تعینات کیا گیا تھا، تاہم چند گھنٹوں بعد ہی یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔
پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ،راولپنڈی کے نئے سی پی او کا چند گھنٹوں میں تبادلہ
پنجاب حکومت نے راولپنڈی کے نئے تعینات ہونے والے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) محمد سہیل اشرف کا تقرر چند گھنٹوں کے اندر تبدیل کرتے ہوئے سردار غیاث گل کو نیا سی پی او مقرر کردیا۔
حکومت پنجاب نے پیر کی شب پولیس افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کیے تھے، جن کے تحت محمد سہیل اشرف کو راولپنڈی کا نیا سی پی او تعینات کیا گیا تھا، تاہم چند گھنٹوں بعد ہی یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔
نئے احکامات کے مطابق راولپنڈی میں جولائی سے تعینات ڈی آئی جی حسن مشتاق سکھیرا کو تبدیل کرکے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز مقرر کردیا گیا ہے۔
محمد سہیل اشرف کو راولپنڈی کے بجائے گوجرانوالہ کا سی پی او تعینات کیا گیا ہے، جبکہ سردار غیاث گل کو راولپنڈی پولیس کی کمان سونپ دی گئی ہے۔
گریڈ 20 کے افسر حسن مشتاق سکھیرا چار ماہ سے زائد عرصے تک راولپنڈی میں خدمات انجام دیتے رہے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر لاہور واپس جانے کی خواہش ظاہر کی تھی اور اس حوالے سے آئی جی پنجاب سمیت اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا تھا۔
سردار غیاث گل اس سے قبل راولپنڈی میں ایس پی صدر اور چیف ٹریفک آفیسر کے عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ وہ ضلع اٹک کے ڈی پی او بھی رہ چکے ہیں۔
حسن مشتاق سکھیرا کے دور میں راولپنڈی میں کئی اہم قتل کے واقعات سامنے آئے، جن میں حنا جاوید کا گھر میں پراسرار قتل اور نجی ٹی وی کی اینکر رابعہ احسن کا حالیہ قتل بھی شامل ہیں۔ دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور میڈیا میں خاصی توجہ حاصل کرچکے ہیں۔
پولیس افسران کے ان تبادلوں کو راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں اہم پولیس عہدوں پر انتظامی تبدیلیوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔