امریکی ریاست ٹیکساس میں عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کرانے پر گورنر کے خلاف مقدمہ دائر
بنیادی حقوق کی خلاف ورزی، کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کا اقدام، عدالت سے رجوع کرلیا گیا
امریکی ریاست ٹیکساس میں عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کرانے پر گورنر کے خلاف مقدمہ دائر
امریکی ریاست ٹیکساس میں عیدالاضحیٰ کی ایک تقریب منسوخ کرانے کے معاملے پر گورنر گریگ ایبٹ کے خلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا گیا ہے۔ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) اور اس کی ٹیکساس شاخ کی جانب سے دائر کیے جانے والے اس مقدمے میں گورنر کے علاوہ گرینڈ پریری شہر اور واٹر پارک کی انتظامیہ کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
دستاویزات اور عدالتی مقدمے کے متن کے مطابق، گورنر گریگ ایبٹ نے سرکاری فنڈز روکنے کی دھمکی دے کر شہر کی انتظامیہ پر عید کی تقریب منسوخ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا، جو کہ منتظم ڈاکٹر امینہ نائٹ کے مذہبی آزادی اور امریکی آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ تقریب گرینڈ پریری کے ایپک واٹرز واٹر پارک میں منعقد ہونا تھی تاکہ مسلم خاندانوں کو ایک ساتھ عید منانے کا موقع مل سکے۔
رپورٹس کے مطابق گورنر نے شہر کو خبردار کیا تھا کہ اگر تقریب منسوخ نہ کی گئی تو ریاست کی جانب سے دی جانے والی 5 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی گرانٹس روک دی جائیں گی، جس کے دباؤ میں آکر انتظامیہ نے تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دریں اثنا، ٹیکساس میں مسلم تنظیموں سے متعلق گورنر کے سابقہ اقدامات بھی زیر بحث رہے ہیں جن کے تحت نومبر 2025 میں CAIR کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اب نومنتخب گورنر جینا ہینوہوزا نے یہ ریاستی اعلامیہ واپس لینے کا اعلان کیا ہے جبکہ اٹارنی جنرل کین پیکسٹن نے بھی تنظیم کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا ہے۔