پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے سربراہان کی اہم ملاقات،دفاعی تعاون بڑھانے پراتفاق

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی شراکت داری ایک مضبوط تزویراتی تعلق میں تبدیل ہو چکی ہے۔ظہیر احمد بابر سدھو

November 18, 2026 · قومی
پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے سربراہان کی اہم ملاقات،دفاعی تعاون بڑھانے پراتفاق

پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے سربراہان کی اہم ملاقات،دفاعی تعاون بڑھانے پراتفاق

پاکستان اور ترکیہ نے ڈرون، خودکار نظام، الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں اور جدید فضائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دفاعی تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکیران کے درمیان ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی شراکت داری ایک مضبوط تزویراتی تعلق میں تبدیل ہو چکی ہے، جسے دفاع اور فضائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ملاقات میں دونوں فضائی سربراہان نے بغیر پائلٹ اور خودکار نظام، الیکٹرانک جنگی ٹیکنالوجی، جدید فضائی مہارتوں اور مقامی سطح پر تحقیق، تیاری اور پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ایئر چیف نے ترک فضائیہ کے اہلکاروں کی پائلٹ تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور استعداد کار بہتر بنانے کیلئے پاک فضائیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ترک فضائیہ کے کمانڈر کو پاک فضائیہ کی جدید خطوط پر تبدیلی، مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی اور نئی دفاعی صلاحیتوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ دونوں سربراہان نے مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگراموں اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

ترک کمانڈر جنرل رافت دالکیران نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، عملی تجربے اور جنگی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس کے جدید بنانے کے عمل اور مقامی فضائی ٹیکنالوجی میں پیش رفت کی تعریف کی۔

دورے کے دوران ترک فضائیہ کے کمانڈر نے جی ایچ کیو میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

بیان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مشترکہ شراکت داری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔