غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے جاری، سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے 2 فلسطینی جاں بحق
خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری، طبی ذرائع کی تصدیق، رہائشی عمارتیں تباہ کر دی گئیں
غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے جاری، سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے 2 فلسطینی جاں بحق
غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فورسز کی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں تازہ ترین ڈرون حملوں میں 2 فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ طبی ذرائع کے مطابق وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں پولیس اسٹیشن کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں 35 سالہ فادی ناہید اسماعیل جاں بحق ہو گئے۔ چشم دید گواہوں نے بتایا کہ حملے کے بعد کواد کاپٹر قسم کے ڈرون نے جائے وقوعہ کے قریب کھڑی ایک گاڑی پر بھی بم گرایا۔
ایک اور واقعے میں غزہ شہر کے جنوب مغرب میں واقع شیخ عجلین کے علاقے میں اسرائیلی حملے کے بعد 32 سالہ ثائر اسماعیل الوادیہ کی لاش اور متعدد زخمیوں کو الشفا اسپتال منتقل کیا گیا۔ ادھر وسطی غزہ میں المغازی پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں اسرائیلی فورسز نے کواد کاپٹر ڈرون کے ذریعے دھماکہ خیز مواد سے بھرے بکس فلسطینی گھروں کی چھتوں پر گرا کر بڑے پیمانے پر مکانات کو تباہ کر دیا۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 10 اکتوبر 2025 کو نافذ ہونے والے سیز فائر کے بعد سے اب تک اسرائیلی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں کم از کم 1,650 فلسطینی جاں بحق اور 5,975 زخمی ہو چکے ہیں۔ اکتوبر 2023 سے جاری اس جارحیت کے دوران مجموعی طور پر 74,000 سے زائد فلسطینی شہید اور 176,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق اس تباہ کن جنگ میں غزہ کا 90 فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے جبکہ تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ 71.4 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔