روس میں ساتویں منزل سے پھینکا جانے والا افغان طالب علم دم توڑ گیا

 رقم کے تنازع پر جھگڑے کے بعد مبینہ حملے کا نشانہ بننے والے محمد شعیب کریمی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے

November 18, 2026 · بام دنیا

روس میں ساتویں منزل سے پھینکے جانے والے افغان طالب علم دم توڑ گئے

روس کے شہر روستوف میں زیرِ تعلیم 31 سالہ افغان طالب علم محمد شعیب کریمی انتقال کر گئے ہیں۔ وہ جمعرات 4 نومبر کو پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد سے ایک مقامی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں کومے کی حالت میں زیرِ علاج تھے۔

اہلِ خانہ کے مطابق، محمد شعیب کریمی کو چند طلبہ کے ساتھ تلخ کلامی اور جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر ایک عمارت کی ساتویں منزل سے نیچے پھینک دیا گیا تھا۔

مقتول کے بھائی عبدالرحیم کریمی نے روسی میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی کا کچھ جاننے والوں کے ساتھ ادھار دی گئی رقم کی واپسی پر تنازع چل رہا تھا، جس پر پہلے بھی کئی مرتبہ تلخ کلامی ہو چکی تھی۔ ان کے مطابق واقعے کے روز شعیب کو رقم واپس لینے کے بہانے عمارت کی ساتویں منزل پر بلایا گیا، جہاں تین سے چار افراد نے ان پر حملہ کیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور بے ہوش ہونے کے بعد عمارت سے نیچے پھینک دیا۔

عبدالرحیم کریمی کا کہنا ہے کہ پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا تھا، تاہم مبینہ طور پر مکمل تحقیقات کیے بغیر ہی انہیں رہا کر دیا گیا۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ حملے میں ملوث افراد ترکمان طلبہ تھے جن کے مبینہ طور پر ایک مافیا گروہ سے روابط تھے، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

خودکشی کے کسی بھی امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے عبدالرحیم کریمی نے کہا کہ اگر شعیب اپنی جان لینا چاہتے تو وہ ساتویں منزل کے بجائے بارہویں منزل سے چھلانگ لگاتے، جہاں ان کا اپنا کمرہ واقع تھا۔