دہشتگرد تنظیموں کی پرواہ ہے نہ کسی سردار سے خوفزدہ ہونگے ، سرفراز بگٹی
ہماری تربیت ایسی نہیں کہ خواتین کے بارے میں نازیبا ریمارکس دیں، ایسی اسمبلی میں بیٹھنے پر شرمندہ ہوں ، اسمبلی میں اظہار خیال
فائل فوٹو
کو ئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک رکن اسمبلی کے انٹرویو کا جواب نہیں دینا چاہتا، ہم نے دہشت گرد تنظیموں کی پرواہ نہیں کی، کسی سردار سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں سرفراز بگٹی نے خاتون رکن اسمبلی اور اپنی بہن کے بارے میں دیے گئے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اسمبلی کی روایات کو بلڈوز کیا گیا، ہماری تربیت ایسی نہیں کہ خواتین کے بارے میں نازیبا ریمارکس دیں، ایسی اسمبلی میں بیٹھنے پر شرمندہ ہوں جہاں ایسے رکن اسمبلی موجود ہوں۔
رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کی عزت، مہمان نوازی اور بہادری اہم روایات ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجر ہیں، اپنے کردار کے بارے میں کہی گئی باتیں اللہ پر چھوڑتی ہوں۔
اجلاس میں رکن اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ گیس پریشر میں کمی، بھاری بلوں اور بجلی کی بندش سے شہری پریشان ہیں، ہمیں مجبور نہ کیا جائے، کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے سامنے احتجاج کریں گے۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کیسکو چیف اور سوئی سدرن گیس حکام کو طلب کرلیا، بعدازاں اسمبلی کا اجلاس 20 نومبر سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔