بہاولنگر: سفاک بیٹے کی فائرنگ ، والد اور سگا بھائی قتل
ملزم نے پہلے بھائی کو ٹھکانے لگایا پھر اپنے والد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا
فائل فوٹو
بہاولنگر: اراضی کے تنازع پر بھائی نے اپنے ساتھی کے ہمراہ دو مختلف مقامات پر فائرنگ کرکے سگے بھائی اور والد کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ ڈاہرانوالہ کی حدود چک نمبر 141 مراد میں ملزم نے فائرنگ کرکے اپنے 28 سالہ سگے بھائی زبیر کو قتل کیا جبکہ تھانہ صدر حاصلپور بہاولپور کی حدود میں اپنے والد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے دہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی اور ڈی پی او بہاولنگر اور ڈی پی او بہاولپور کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
پولیس کے سینئر افسران، فرانزک اور انویسٹی گیشن ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جہاں شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔
ڈی پی اوز کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔