امریکی فوج کے سربراہ کا اچانک دورۂ اسرائیل ، اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں

دوطرفہ دفاعی تعاون، سیکیورٹی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور ایران کے حوالے سے ابھرتی ہوئی ممکنہ صورتِ حال پر غور کیا گیا ، اسرائیلی میڈیا

November 18, 2026 · بام دنیا

تل ابیب: مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی کے پیشِ نظر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر ہنگامی دورے پر تل ابیب پہنچ گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر کا یہ دورہ بدھ کو طے تھا، تاہم اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے منگل ہی کو ان کی قبل از وقت آمد کی تصدیق کر دی تھی۔ دورے کے دوران امریکی کمانڈر نے اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، سیکیورٹی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور ایران کے حوالے سے ابھرتی ہوئی ممکنہ صورتِ حال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈمرل بریڈ کوپر اسرائیل میں مذاکرات کے بعد خطے کے دیگر اہم ممالک کا دورہ بھی کریں گے۔

عالمی مبصرین اس دورے کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں کیونکہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے اور اسرائیلی افواج کو کسی بھی ممکنہ کارروائی کے پیشِ نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

دوسری جانب امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے اور اسرائیلی فوج کو ممکنہ نئی کارروائیوں کے پیش نظر چوکس رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے کمانڈر کرٹ رینشا نے بھی اسرائیلی بحری حکام سے ملاقات کی تھی، جس میں مختلف محاذوں پر مشترکہ بحری کارروائیوں اور عسکری اشتراکِ عمل کا جائزہ لیا گیا تھا۔