پاکستان میں 20 سال سے کرکٹ زوال کا شکار ہے، شعیب اختر

شعیب اختر نے دو نئی گیندوں، میچ فکسنگ تحقیقات اور اپنے کیریئر کے تجربات بھی بیان کردیے

November 18, 2026 · اسپورٹس

پاکستان میں 20 سال سے کرکٹ زوال کا شکار ہے، شعیب اختر

لاہور: پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ملک میں کرکٹ کی گرتی ہوئی مقبولیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 20 سال سے کرکٹ زوال کا شکار ہے، جبکہ موجودہ قوانین نے کھیل میں فاسٹ بولرز کے اثر و رسوخ کو بھی کم کردیا ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ کرکٹ کھیلنے کے طریقہ کار میں تبدیلیوں نے کھیل کو بیٹرز کے لیے زیادہ سازگار بنا دیا ہے۔ دو نئی گیندوں کے استعمال سمیت دیگر قوانین نے فاسٹ بولنگ کی اہمیت کم کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ایسے کرکٹ ہیروز پیدا نہیں کررہا جو نوجوان نسل کو اس کھیل کی طرف راغب کرسکیں۔ ملک میں ایسے کھیلوں کے ستارے سامنے نہیں آرہے جو نوجوان شائقین کو کرکٹ کی جانب متوجہ کرسکیں۔ ان کے اپنے بچے بھی کرکٹ نہیں دیکھتے۔ ان کے ایک بیٹے نے پاکستانی ٹیم میں جارحیت کی کمی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے ٹیم میں کوئی جارحانہ انداز دکھائی نہیں دیتا۔

گفتگو کے دوران شعیب اختر نے اپنے دور میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے طریقوں پر بھی بات کی اور انکشاف کیا کہ انگلینڈ میں کھیلتے ہوئے گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر کے بجائے بوتل کے ڈھکن استعمال کیے جاتے تھے۔ ریورس سوئنگ حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقے اپنائے جاتے تھے اور یہ معاملات صرف چند کھلاڑیوں تک محدود نہیں ہوتے تھے بلکہ پوری ٹیم کو ان کا علم ہوتا تھا۔

آسٹریلوی کرکٹ میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے تنازع اور عثمان خواجہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے شعیب اختر نے ان کے مؤقف کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گیند کی حالت تبدیل کرنے کی ذمہ داری لازمی طور پر صرف چند کھلاڑیوں پر عائد نہیں کی جانی چاہیے۔

سابق فاسٹ بولر نے 1990 کی دہائی کے اواخر میں میچ فکسنگ کی تحقیقات کے دوران پاکستانی ٹیم کے ڈریسنگ روم کی کشیدہ فضا کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساتھی کھلاڑیوں پر شکوک و شبہات کے باعث یہ سمجھنا مشکل ہوگیا تھا کہ کس پر بھروسا کیا جائے۔

شعیب اختر کے مطابق بعض مواقع پر انہیں ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے وہ 11 نہیں بلکہ 22 کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سابق ساتھی کھلاڑیوں کے بارے میں ان کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن وہ انہیں سرعام بے نقاب نہیں کرنا چاہتے۔

اپنے کیریئر کا ذکر کرتے ہوئے شعیب اختر نے بتایا کہ مخالف ٹیموں کے بیٹرز ان کی غیر معمولی تیز رفتار گیندوں سے خوف زدہ رہتے تھے۔ انہوں نے برائن لارا اور سچن ٹنڈولکر کو گیند لگنے کے واقعات یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مواقع پر انہیں شدید تشویش ہوتی تھی کہ کہیں کسی کھلاڑی کو سنگین چوٹ نہ لگ جائے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹرز کو خوفزدہ کرنا فاسٹ بولنگ کے انداز کا حصہ تھا، لیکن کسی ساتھی کرکٹر کو شدید نقصان پہنچنے کا خیال ہمیشہ پریشان کن رہا۔

شعیب اختر نے ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹ اور گیند کے درمیان توازن بحال کرنے کے لیے قوانین میں تبدیلیاں تجویز کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولرز کو ایک اوور میں چار باؤنسر کرانے کی اجازت دی جائے اور دوبارہ ایک ہی گیند استعمال کرنے کا اصول متعارف کرایا جائے۔