2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا،پیو ریسرچ سنٹر کی رپورٹ

2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین کے ہاں تقریباً 25 کروڑ 20 لاکھ بچوں کی پیدائش ہوئی، جبکہ مسیحی خواتین کے ہاں یہ تعداد 20 کروڑ 80 لاکھ رہی۔رپورٹ

November 19, 2026 · بام دنیا
2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بننے کا امکان،عیسائیت دوسرے نمبر پر آجائے گی،پیو ریسرچ

2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بننے کا امکان،عیسائیت دوسرے نمبر پر آجائے گی،پیو ریسرچ

امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی نئی تحقیق میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اسلام 2035 تک عیسائیت کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے، جبکہ 2070 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی آبادی میں 80 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کی نومبر 2026 میں جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کی آبادی میں تیزی سے اضافے کی بنیادی وجہ شرح پیدائش اور نوجوان آبادی ہے۔ تحقیق کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین کے ہاں تقریباً 25 کروڑ 20 لاکھ بچوں کی پیدائش ہوئی، جبکہ مسیحی خواتین کے ہاں یہ تعداد 20 کروڑ 80 لاکھ رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر موجودہ آبادیاتی رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک مسلمانوں کی عالمی آبادی میں 80 فیصد جبکہ مسیحیوں کی آبادی میں تقریباً 30 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ اس عرصے میں مسلمانوں کی تعداد 3 ارب 60 کروڑ سے تجاوز کر سکتی ہے، جبکہ مسیحیوں کی تعداد تقریباً 3 ارب تک پہنچنے کا امکان ہے۔

تحقیق کے مطابق مسلمانوں اور مسیحیوں دونوں کی آبادی میں اضافہ زیادہ تر قدرتی آبادیاتی تبدیلی یعنی پیدائش اور اموات کے فرق کے باعث ہوگا۔ افریقہ کے صحارا کے جنوب میں واقع ممالک اور مسلم اکثریتی ملکوں میں آبادی میں اضافے کا بڑا حصہ متوقع ہے۔

دوسری جانب امریکا میں بھی مذہبی آبادی کے تناسب میں بڑی تبدیلی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2065 تک امریکی بالغ آبادی میں مسیحیوں کا تناسب 50 فیصد سے نیچے آسکتا ہے، جبکہ 2070 تک مذہب سے غیر وابستہ افراد کی تعداد امریکی آبادی کے 41 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔

تحقیق میں مزید پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2070 تک جمہوریہ کانگو امریکا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں سب سے زیادہ مسیحی آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ تبدیلیاں بنیادی طور پر شرح پیدائش، آبادی کی عمر اور مذہب تبدیل کرنے کے رجحانات سے جڑی ہیں، نہ کہ صرف ایک مذہب سے دوسرے مذہب میں تبدیلی کے باعث۔