امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کی تل ابیب آمد، عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں

خطے میں بڑھتی کشیدگی، ایران کے خلاف ممکنہ کارروائیوں پر غور، سکیورٹی صورتحال کا جائزہ

November 19, 2026 · بام دنیا
امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کی تل ابیب آمد، عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کی تل ابیب آمد، عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر اسرائیلی فوج کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقات کے لیے تل ابیب پہنچ گئے ہیں۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی فوجی کمانڈر کا یہ دورہ ایسے وقت میں طے پایا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہو چکا ہے اور اسرائیلی فوج کو ممکنہ نئی کارروائیوں کے پیش نظر مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اسرائیلی میڈیا اور سرکاری بیانات کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے اسرائیلی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر، موساد کے سربراہ رومن گوفمین اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی فوجی تعاون، انٹیلی جنس سکیورٹی رابطوں اور ایران سے متعلق ممکنہ آئندہ کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز کا احاطہ بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ اعلیٰ سطحی دورہ ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے جب خلیجی خطے میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ اس سے قبل امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے سربراہ نے بھی اسرائیلی بحریہ کے حکام سے ملاقات کی تھی جس میں مختلف محاذوں پر بحری کارروائیوں اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی تھی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی یہ عسکری سرگرمیاں آئندہ دنوں میں کسی بڑے واقعے یا حکمت عملی کی غمازی کرتی ہیں۔