مریم نواز کا سی ایم سولر پینل اسکیم فیز ٹو کا بڑا فیصلہ
دائرہ کار میں توسیع، ایک لاکھ سولر پینل دینے کا حکم، چولستان کے لیے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری۔
مریم نواز کا سی ایم سولر پینل اسکیم فیز ٹو کا بڑا فیصلہ
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم سولر پینل اسکیم فیز ٹو کی منظوری دیتے ہوئے اس اسکیم کے تحت سولر پینلز کی تعداد 90ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے چولستان میں 5 ہزار سولر پینل کے پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی ہے جبکہ ستھرا پنجاب کے اشتراک سے سالڈ ویسٹ سے انرجی اور بائیو فیول پراجیکٹ پر تفصیلی پلان طلب کر لیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں صوبے کے تمام بڑے اسپتالوں کے انرجی آڈٹ کا حکم دیا گیا اور اسپتالوں میں انرجی لوڈ کے مطابق الیکٹرک پینل لگانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اجلاس میں 3 ہزار ٹن ویسٹ سے انرجی کے پائلٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر فیصل کھوکھر اور سیکرٹری انرجی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی، جس میں اینیمل ویسٹ، ایگری ویسٹ اور سالڈ ویسٹ سے بائیو انرجی اور بائیو فیول پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ ننکانہ میں دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات سے بائیوریفائنری پراجیکٹ پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سی ایم سولر پینل اسکیم کے فیز ون کے تحت ساڑھے 3 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ فیز ون میں 89869 افراد کو سولر پینل ملنے سے بجلی کے بلوں میں ایک تہائی بچت ہوئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں اس اسکیم نے عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی ہے اور صوبے کے 76 اسکولوں کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر سولر انرجی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، چولستان میں 40 سائٹس پر واٹر سپلائی اسکیموں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی ہے۔