جنگ کے طریقے بدل چکے، مسلح افواج جدید تقاضوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: نیول چیف

عصر حاضر کے چیلنجز، پاک بحریہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے

November 19, 2026 · قومی
جنگ کے طریقے بدل چکے، مسلح افواج جدید تقاضوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: نیول چیف

جنگ کے طریقے بدل چکے، مسلح افواج جدید تقاضوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: نیول چیف

رسالپور میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت ان کے لیے باعث اعزاز ہے اور وہ تمام کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فرمایا تھا کہ ایک مضبوط فضائیہ کے بغیر کوئی بھی ملک دشمن کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے بے شمار مواقع پر اپنی کامیابیوں سے تاریخ رقم کی ہے اور اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔ پاک فضائیہ کی ایک تابناک تاریخ ہے جو اسے ورثے میں ملی ہے جبکہ قوم کا اعتماد افواج پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان اور ترکیے کے درمیان قائم دیرینہ دفاعی شراکت داری کا بھی ذکر کیا۔

عصر حاضر کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے پیچیدہ چیلنجز منفرد انداز میں نمٹنے کے متقاضی ہیں۔ جنگ کے طریقے مکمل طور پر تبدیل ہو چکے ہیں اور موجودہ دور میں جنگیں لڑنے کے طریقوں میں نمایاں جدت آ گئی ہے۔ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے روایتی جنگ کی تمام جہتوں کو بدل ڈالا ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہماری مسلح افواج جنگ کے ان نئے رجحانات اور تقاضوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پاک بحریہ نے بھی دفاعی جدت کے میدان میں نمایاں پیشرفت کی ہے اور معرکہ حق میں پاک بحریہ نے دشمن کو جارحیت سے باز رکھا۔ نیول چیف نے عزم ظاہر کیا کہ پاک بحریہ کو مستقبل کی جنگوں کے تمام تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی اور استحکام پر کامل یقین رکھتا ہے۔