مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

احتجاجی اجتماع، پولیس پر پتھراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی مقدمے میں شامل

November 19, 2026 · قومی

مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے خلاف قانونی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرتے ہوئے سیکٹر آئی نائن فور میں واقع مسجد فاروق اعظم میں انہیں وارنٹ موصول کروا دیے، جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ انڈسٹریل ایریا کی پولیس ٹیم مسجد فاروق اعظم پہنچی، جہاں مفتی ابرار کے نام جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی گئی۔ ذرائع کے مطابق مفتی ابرار گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر روپوش ہیں، جبکہ عدالت نے انہیں فوری گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

مفتی ابرار کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ نمبر 1212/26 درج ہے، جس میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت مختلف سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ یہ مقدمہ 7 نومبر 2026 کو سیکٹر آئی نائن فور میں مبینہ طور پر بغیر اجازت احتجاجی اجتماع منعقد کرنے، سڑکیں بند کرنے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق احتجاجی اجتماع کے دوران مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا، سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا اور سرکاری امور کی انجام دہی میں مداخلت کی گئی۔ مقدمے میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ مشتعل افراد نے اسلحے کے زور پر سرکاری اہلکاروں کو فرائض کی ادائیگی سے روکنے کی کوشش کی۔

ایف آئی آر میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ غیر قانونی اجتماع کے باعث عام شہریوں، مسافروں اور قریبی رہائشی فلیٹس میں مقیم افراد کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہوئے۔

دوسری جانب انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد نے عدالتی احکامات کی عدم تعمیل اور گرفتاری سے بچنے پر مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ عدالت نے انہیں فوری گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

پولیس کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے بعد مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے مزید کوششیں جاری ہیں، تاہم تاحال ان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

واضح رہے کہ مفتی ابرار کے خلاف درج مقدمے میں عائد الزامات تاحال عدالتی کارروائی کا حصہ ہیں اور ان کی قانونی حیثیت کا تعین عدالت میں ہوگا۔