حکومت نے مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ رہائش گاہ سے سیکورٹی واپس لے لی
وفاقی کانسٹیبلری کے اہلکار اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں قیام کے دوران بھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتے تھے۔
مولانا فضل الرحمان،اسعد محمود اور دیگر رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی
صحافی طاہر خان کے مطابق جے یو آئی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر تعینات وفاقی کانسٹیبلری کا دستہ بدھ کی رات وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر واپس بلایا گیا۔
پارٹی کے مطابق وفاقی کانسٹیبلری کے اہلکار اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں قیام کے دوران بھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتے تھے۔ ان کے ہمراہ تعینات پولیس اہلکاروں اور موبائل سیکیورٹی گاڑی کو بھی واپس لے لیا گیا، جبکہ اہلکاروں کو فوری طور پر ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔
جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کی سیکیورٹی پر تعینات وفاقی کانسٹیبلری اور پولیس اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا گیا اور انہیں 15 منٹ کے اندر روانہ ہونے کا حکم دیا گیا۔
پارٹی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سینیٹر اور جے یو آئی خیبر پختونخوا کے سربراہ مولانا عطاء الرحمٰن کے ساتھ تعینات دو پولیس اہلکاروں کو بھی واپس جانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ مولانا لطف الرحمٰن کی سیکیورٹی بھی ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان نے سیکیورٹی واپس لینے کے فیصلے کو ’’بدترین فسطائیت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پارٹی قیادت کے خلاف حکومتی رویے کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جے یو آئی کے رہنما گزشتہ چند ہفتوں سے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں۔ تاحال حکومت کی جانب سے جے یو آئی کے بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔