لاہور: ڈیفنس میں گھریلو ملازم پر مبینہ تشدد، گرم چائے کی پتیلی الٹ دی گئی
چچا بلال کی مدعیت میں مقدمہ درج، نامزد ملزم فیضان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری
لاہور: ڈیفنس میں گھریلو ملازم پر مبینہ تشدد، گرم چائے کی پتیلی الٹ دی گئی
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ایک انسانی سوز واقعے کے دوران 11 سالہ گھریلو ملازم پر مبینہ طور پر تشدد کیا گیا اور اس پر گرم چائے کی پتیلی الٹ دی گئی، جس کے نتیجے میں کمسن بچے کا چہرہ اور جسم جھلس گیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ دلخراش واقعہ ڈیفنس کے رہائشی علاقے میں پیش آیا جہاں گھریلو ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق 11 سالہ متاثرہ بچے امجد کے چچا بلال کی مدعیت میں متعلقہتھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم فیضان نے امجد کو چائے دیر سے بنانے پر شدید سرزنش کی اور معمولی بات پر طیش میں آ کر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد چائے کی گرم پتیلی اس کے اوپر الٹ دی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق گرم چائے گرنے سے کمسن امجد کا چہرہ اور جسم کا بالائی حصہ شدید متاثر ہوا ہے جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد ملزم فیضان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاہم تادم تحریر ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔