بلاول بھٹو کے انٹرویو میں مبینہ آڈیو ایڈیٹنگ کا تنازع ، پیپلز پارٹی نے غیر ایڈٹ شدہ کلپ جاری کردیا

پروگرام کے میزبان شاہزیب خانزادہ پر انٹرویو کی آڈیو میں ردوبدل اور "صحافتی بددیانتی" کے سنگین الزامات عائد

November 19, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: نجی ٹی وی کو بلاول کے انٹرویو پر تنقید کے بعد پیپلز پارٹی نے غیر ایڈٹ شدہ کلپ جاری کردیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے حالیہ انٹرویو کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے، جہاں پروگرام کے میزبان شاہزیب خانزادہ پر انٹرویو کی آڈیو میں ردوبدل اور “صحافتی بددیانتی” کے سنگین الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹس اور پیپلز پارٹی کے حامی حلقوں کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ انٹرویو کے اس حصے میں جہاں بلاول بھٹو زرداری نے مذکورہ ٹی وی چینل (جیو نیوز) اور خود میزبان شاہزیب خانزادہ کے کردار پر تنقیدی گفتگو کی، وہاں دانستہ طور پر چیئرمین پی پی پی کی آواز کو مدھم (آہستہ) کر دیا گیا۔

تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ میزبان نے اپنی آواز کو بلند رکھ کر بلاول بھٹو زرداری کی اصل بات کو دبانے کی کوشش کی تاکہ ناظرین تک ان کا اصل مؤقف اور تنقید واضح طور پر نہ پہنچ سکے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انٹرویو کے آن ایئر ہونے والے حصے اور مبینہ طور پر غیر مدون (ان ایڈیٹڈ) کلپ کا موازنہ کرتے ہوئے اس اقدام کو صحافتی اصولوں کے منافی قرار دیا جا رہا ہے اور میزبان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب تاحال متعلقہ ٹی وی چینل یا شاہزیب خانزادہ کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔