پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی روسی پیشکش
افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں علاقائی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔ترجمان روسی وزارت خارجہ
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی روسی پیشکش
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں علاقائی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اسلام آباد اور کابل دونوں فریقین درخواست کریں تو ماسکو دونوں برادر ممالک کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں ثالثی اور مدد فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق روس پاکستان اور افغانستان دونوں کو دوست ممالک سمجھتا ہے اور ان کے باہمی تعلقات کو فروغ دینا علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیتا ہے۔ ترجمان نے افغانستان میں داعش خراسان سمیت بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ تمام فریقین کا مشترکہ ہدف ہونا چاہیے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی قسم کے دوہرے معیار یا پوشیدہ ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ماریہ زخارووا نے کہا کہ پاکستان اور روس دوطرفہ اور کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر دہشت گردی کے خلاف قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں ماسکو فارمیٹ، روس، چین، ایران اور پاکستان کے چار ملکی مشاورتی نظام، افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے رابطہ نظام اور شنگھائی تعاون تنظیم کو علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے انتہائی اہم پلیٹ فارم قرار دیا گیا۔
دوسری جانب، روسی جامعات میں داخلہ لینے والے پاکستانی طلبہ کو ویزا دعوت نامے جاری نہ ہونے کے معاملے پر ترجمان نے واضح کیا کہ روس میں پاکستانی شہریوں کو اسٹوڈنٹ ویزے جاری کرنے پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ طلبہ کے مخصوص کیسز اور کوائف کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر انفرادی بنیادوں پر جائزہ لیا جا سکے اور ویزا کے حصول میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔