ایران کے حملے دوبارہ تیز،آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل گرنے لگی،فنانشل ٹائمز

18 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں آبنائے ہرمز سے مجموعی طور پر 263 جہاز گزرے

November 21, 2026 · امت خاص
ایران کے حملے دوبارہ تیز،آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل گرنے لگی،فنانشل ٹائمز

ایران کے حملے دوبارہ تیز،آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل گرنے لگی،فنانشل ٹائمز

ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں پر حملوں میں دوبارہ تیزی آنے کے بعد آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے عالمی توانائی کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 18 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں آبنائے ہرمز سے مجموعی طور پر 263 جہاز گزرے، جو اس سے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 15 فیصد جبکہ دو ہفتے قبل کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان جہازوں میں صرف 37 تیل بردار جہاز شامل تھے، جبکہ ایک ہفتہ پہلے یہ تعداد 52 تھی۔ تجارتی اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے کیلپر کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق نومبر کے دوسرے ہفتے میں آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل پہلے ہفتے کے مقابلے میں تقریباً نصف رہ گئی۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق گزشتہ ہفتے کم از کم 7 تیل بردار جہاز ایرانی حملوں کا نشانہ بنے، جبکہ تنازع شروع ہونے کے بعد سے کم از کم 3 جہاز سمندر میں ڈوب چکے ہیں۔ ایران نے ایسے جہازوں کی فہرست بھی بڑھا دی ہے جنہیں وہ اپنے مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والا قرار دیتا ہے۔ اس فہرست میں اب 240 جہاز شامل ہیں، جبکہ اگست میں یہ تعداد صرف 46 تھی۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر جہازوں پر حملوں کا موجودہ سلسلہ جاری رہا تو آئندہ دو سے تین ماہ میں تیل کی ترسیل کے لیے دستیاب جہازوں کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔ حملوں کے نتیجے میں متاثرہ جہازوں کی مرمت اور دوبارہ سمندر میں واپسی میں بھی وقت لگ رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں کے بیمے کی لاگت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ امریکی بحریہ کے قائم مقام سیکریٹری ہنگ کاؤ کے مطابق ایک سال قبل اس راستے سے گزرنے والے تیل بردار جہاز کا بیمہ تقریباً 54 ہزار ڈالر میں ہوتا تھا، جو اب بڑھ کر 6 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

واضح رہے کہ فروری کے اختتام پر امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے پہلے روزانہ تقریباً 135 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرتے تھے۔ دنیا کی مجموعی تیل اور گیس کی رسد کا تقریباً پانچواں حصہ اسی اہم سمندری راستے سے منتقل ہوتا ہے۔