مصدق ملک کو آگرہ جانے کی اجازت مل گئی،درگاہ نظام الدین اولیا جانے کی درخواست مسترد
عبدالباسط کی وزیر کے اقدام پر تنقید، سیاحت کیلئے نہیں گئے تھے، سابق ہائی کمشنر
مصدق ملک کو آگرہ جانے کی اجازت مل گئی،درگاہ نظام الدین اولیا جانے کی درخواست مسترد
بھارت کے سرکاری دورے پر موجود وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کو آگرہ میں واقع تاریخی تاج محل جانے کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم دہلی میں درگاہ حضرت نظام الدین اولیا پر حاضری دینے کی ان کی درخواست سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر مسترد کر دی گئی ہے۔
اس معاملے پر ابتدائی طور پر متضاد اطلاعات سامنے آئی تھیں جب 20 نومبر کو بعض بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی حکومت نے ویزا اور سیکیورٹی پابندیوں کے باعث مصدق ملک کی آگرہ اور درگاہ نظام الدین اولیا جانے کی دونوں درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ تاہم، بعد ازاں 21 نومبر کو بھارتی وزارتِ خارجہ اور سرکاری ذرائع نے بھارتی میڈیا اداروں ہندوستان ٹائمز اور انڈیا ٹوڈے کو تصدیق کی کہ پاکستانی وزیر اور ان کے وفد کو آگرہ میں تاج محل کے علاوہ نئی دہلی میں مقبرہ ہمایوں، دلی ہاٹ اور قلعہ رائے پتھورا جانے کی اجازت فراہم کر دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کے باعث صرف درگاہ حضرت نظام الدین اولیا جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
وفاقی وزیر مصدق ملک 20 سے 22 نومبر 2026 تک نئی دہلی کے پرانا قلعہ میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ‘تہذیبی مکالمے کے فورم’ (Civilisational Dialogue Forum) میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔ اس اہم علاقائی فورم میں رکن ممالک کے وفود ثقافتی و تہذیبی روابط اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط نے وفاقی وزیر کی جانب سے نجی مقامات پر جانے کی اجازت طلب کرنے پر تنقید کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں عبدالباسط نے کہا کہ وزیر مصدق ملک کو آگرہ اور اجمیر شریف جانے کے لیے بھارتی حکومت سے اجازت نہیں مانگنی چاہیے تھی کیونکہ وہ وہاں سیاحت کی غرض سے نہیں گئے تھے۔
Minister Musaddaq Malik should not have requested Indian government for permission to visit Agra and Ajmer Sharif. He wasn’t there for tourism. Or this matter should have been sorted out before he departed for India. New Delhi was within its right to turn down the request.
— Abdul Basit (@abasitpak1) November 21, 2026
سابق سفارتکار کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایسے کسی دورے کی خواہش تھی تو اس معاملے کو ان کی بھارت روانگی سے قبل ہی طے کر لینا چاہیے تھا، اور اس صورتحال میں درخواست مسترد کرنا نئی دہلی کا حق بنتا تھا۔