مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر نوابزادہ محسن علی خان انتقال کر گئے
سیاسی خدمات کا طویل سفر، آبائی ضلع کرک میں انتقال، سوگواران میں سیاسی حلقے شامل ہیں
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر نوابزادہ محسن علی خان انتقال کر گئے
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر نوابزادہ محسن علی خان خالقِ حقیقی سے جاملے ہیں۔ مرحوم مسلم لیگ (ن) کے جلسے کی مہم کے سلسلے میں اپنے آبائی ضلع کرک میں موجود تھے جہاں انہیںاچانک طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
دستاویزات اور سیاسی پس منظر کے مطابق نوابزادہ محسن علی خان سابق وزیر داخلہ اور معروف سیاستدان اسلم خان خٹک کے داماد تھے۔ وہ اپنے طویل سیاسی کیریئر کے دوران 4 مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ 2 مرتبہ صوبائی وزیر کے اہم عہدے پر بھی فائز رہے۔
مرحوم نے اپنے سیاسی سفر کے دوران مختلف جماعتوں میں خدمات انجام دیں۔ وہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر بھی رہ چکے تھے جبکہ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) میں بھی اہم سیاسی خدمات سرانجام دیں، اور بعد ازاں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ ان کے انتقال پر سیاسی اور سماجی حلقوں کی طرف سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔