محسن نقوی کا نادرا سنٹر پیکو روڈ لاہور کا دورہ، شہریوں کے مسائل سنے
شہریوں سے براہ راست ملاقات کرکے نادرا کی خدمات اور دستاویزات کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔
محسن نقوی کا نادرا سنٹر پیکو روڈ لاہور کا دورہ، شہریوں کے مسائل سنے
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر پیکو روڈ لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
وزیر داخلہ نے تقریباً دو گھنٹے سنٹر میں گزارے اور شہریوں سے براہ راست ملاقات کرکے نادرا کی خدمات اور دستاویزات کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے بزرگ خواتین کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ بعض شہریوں کی دستاویزات کی تیاری کا عمل بھی اپنے سامنے مکمل کرایا۔
نادرا سنٹر میں موجود مرد و خواتین نے خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب انہیں 10 سے 15 منٹ میں باری مل جاتی ہے اور طویل انتظار نہیں کرنا پڑتا، جبکہ دو سال قبل شناختی کارڈ بنوانے کے لیے دو دو گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے رش کے باوجود شہریوں کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہا اور سنٹر کے انچارج سمیت عملے کی کارکردگی پر شاباش دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عوام کو تیز رفتار اور بہترین خدمات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔