مسلسل خراب کارکردگی، قومی آل راؤنڈر صائم ایوب کاکرکٹ سے عارضی دوری کا فیصلہ

اہم پیش رفت، پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کردی، ذہنی دباؤ سے نکلنے کا عزم، نجی رپورٹس کا انکشاف۔

November 22, 2026 · اسپورٹس
مسلسل خراب کارکردگی، قومی آل راؤنڈر صائم ایوب کاکرکٹ سے عارضی دوری کا فیصلہ

مسلسل خراب کارکردگی، قومی آل راؤنڈر صائم ایوب کاکرکٹ سے عارضی دوری کا فیصلہ

کراچی (نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر صائم ایوب نے مسلسل خراب کارکردگی اور ذہنی دباؤ کے باعث کرکٹ سے کچھ عرصے کے لیے دوری اختیار کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی کرکٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے خود درخواست کی ہے کہ وہ فی الحال کھیل جاری نہیں رکھ سکتے اور ذہنی طور پر مضبوط ہو کر ہی میدان میں واپس آنا چاہتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نوجوان آل راؤنڈر ان دنوں اپنے کیریئر کے انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ خراب فارم کے باعث انہیں قومی اسکواڈ سے بھی باہر کیا جا چکا ہے جبکہ وہ ڈومیسٹک میچز کھیلنے سے بھی گریزاں رہے ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والی سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں بھی انہیں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صائم ایوب ڈومیسٹک ون ڈے ڈپارٹمنٹل ٹورنامنٹ کے ذریعے کرکٹ میں دوبارہ واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ کیریبین ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شاندار سنچری بنانے کے بعد صائم ایوب کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے طلب کیا گیا تھا، تاہم وہ دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے جس سے ان کے اعتماد کو شدید دھچکا لگا تھا۔ ناقص پرفارمنس کے باعث انہیں ون ڈے اسکواڈ سے ریلیز کر کے ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق قومی آل راؤنڈر نے گزشتہ برس سری لنکا کے خلاف سیریز سے لے کر اب تک آخری 5 ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر صرف 60 رنز بنائے ہیں۔ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے وہ کوئی ایک بھی نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے جبکہ اس دوران ان کے انفرادی اسکور 24، 19، 6، 14، 7، 21، 29 اور 8 رہے ہیں۔