غزہ میں امدادی کارکنوں پر اسرائیلی فضائی حملہ، حماس کا ہنگامی مذاکرات کا مطالبہ
فائر بندی کی خلاف ورزیاں جاری، عالمی ضمانت کاروں سے فوری نوٹس لینے کی اپیل، خوراک کی فراہمی متاثر
غزہ میں امدادی کارکنوں پر اسرائیلی فضائی حملہ، حماس کا ہنگامی مذاکرات کا مطالبہ
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 3 امدادی کارکنوں کی شہادت کے بعد حماس نے جنگ بندی کے ثالثوں اور ضمانت کاروں کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ حملہ جنوبی مغربی غزہ شہر کے علاقے تل الہوا میں اس وقت کیا گیا جب امدادی کارکن بے گھر فلسطینیوں کے لیے کھانے کی ترسیل میں مصروف تھے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اس حملے میں خوراک کی ترسیل والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔ حماس نے ثالثوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری، عام شہریوں اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لیے دباؤ ڈالیں۔ حماس نے اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں خوراک اور دیگر انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
حماس نے بیان میں اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور بھوک کو فلسطینیوں پر دباؤ ڈالنے کے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ تنظیم نے عالمی برادری سے صرف زبانی مذمت کے بجائے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیلی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 1,662 فلسطینی شہید اور 6,007 زخمی ہو چکے ہیں۔ جبکہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران شہداء کی مجموعی تعداد 74,000 سے تجاوز کر چکی ہے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، اور اس دوران انکلیو کا 90 فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔