مریم نواز کے دورہ راولپنڈی کی تیاریاں،بازار اور تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا حکم

راجہ بازار، کمرشل مارکیٹ اور سیدپور روڈ پر جاری ترقیاتی کام مکمل کرنے جبکہ مری روڈ پر پیچ ورک جلد از جلد ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔

November 22, 2026 · قومی
مریم نواز کے دورہ راولپنڈی کی تیاریاں،بازار اور تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا حکم

مریم نواز کے دورہ راولپنڈی کی تیاریاں،بازار اور تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا حکم

راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے آئندہ ہفتے راولپنڈی کے مختلف علاقوں کے متوقع دورے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

انتظامیہ نے راجہ بازار، کمرشل مارکیٹ اور سیدپور روڈ پر جاری ترقیاتی کام مکمل کرنے جبکہ مری روڈ پر پیچ ورک جلد از جلد ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔

مریم نواز کے دورے کے موقع پر راجہ بازار، کمرشل مارکیٹ اور مری روڈ کے اطراف انتظامات کیے جا رہے ہیں، تاہم 24 نومبر کو راولپنڈی کے تمام بازار اور تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

مقامی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھی جائیں۔ کسی بھی مارکیٹ یا تعلیمی ادارے کو بند نہیں کیا جائے گا۔

یہ ہدایات جہلم میں وزیراعلیٰ کے گزشتہ دورے کے دوران سالانہ امتحانات ملتوی کیے جانے کے واقعے کے بعد جاری کی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں وہاں کے ڈپٹی کمشنر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

مریم نواز نے اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر واضح کیا تھا کہ ان کے دورے کی وجہ سے کوئی بازار، دکان، کاروبار یا ادارہ بند نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی رہائشی گلیوں کو بند کیا جائے یا شہریوں کی نقل و حرکت محدود کی جائے۔

دوسری جانب کمشنر راولپنڈی سلمان غنی اور ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے ہفتے کے روز پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں 23 نومبر سے اسٹوڈنٹس ویک شروع ہو رہا ہے۔

کمشنر نے یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے تعمیراتی کاموں کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے اسٹوڈنٹس ویک کی سرگرمیوں میں بھی شرکت کی۔

اس موقع پر کمشنر کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ طلبہ کی شخصیت کی ہمہ جہت نشوونما بھی انتہائی اہم ہے۔ اسٹوڈنٹس ویک جیسی سرگرمیاں طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں، خود اعتمادی، قیادت اور ٹیم ورک کو فروغ دیتی ہیں۔

انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار برقرار رکھنے کے ساتھ انہیں مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ادھر انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر شاہد غفور پراچہ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ میں پیدل چلنے والوں کے لیے بنائی گئی سڑکوں کا افتتاح کریں گی اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان پیدل سڑکوں کا مقصد اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکے گا جب تک ان کے ساتھ پارکنگ پلازے تعمیر نہیں کیے جاتے۔ تاجروں کی جانب سے وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران یہ مسئلہ بھی اٹھایا جائے گا۔